26 مارچ ، 2020
متوازن خوراک انسانی جسم میں قوت مدافعت بڑھا کر اسے بیماریوں، جراثیم اور وائرس کا مقابلہ کرنے میں مدد دیتی ہے، اس لیے اگر کورونا وائرس سے بچنا چاہتے ہیں تو اپنے اور گھر والوں کے لیے اچھی خوراک کا انتخاب کریں۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے طبی ماہرین کھانے پینے میں کس طرح کی خوراک لینے کی تجویز پیش کرتے ہیں آئیے جانتے ہیں۔
کورونا وائرس سے بچاؤکی ابھی تک کوئی ویکسین یا دوا تیار نہیں ہوئی ہے لیکن قوت مدافعت بڑھا کر اس وبا کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے، اس لیے طبی ماہرین کہتے ہیں کہ قوت مدافعت بڑھانے کے لیے مرغن غذائیں کھانے میں احتیاط کریں اور وٹامن سی، کیلشیم اور زنک سے بھر پور متوازن غذائیں کھائیں۔
غذائی ماہر ڈاکٹر اریبہ عباسی کا کہنا ہے کہ آئسولیسن میں رہنے کی صورت میں پریشان نہ ہوں بلکہ خوراک پر توجہ دیں، گرم پانی زیادہ پئیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادھوری نیند اور غیر متوازن خوراک قوت مدافعت کو نقصان پہنچاتی ہے اور ایسے میں کورونا جیسے وائرس کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔