29 اگست ، 2020
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس پہنچ گئے جہاں ان کی کے الیکٹرک کی سی ای او مونس علوی سے ملاقات ہوئی۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ 35،35 گھنٹے بجلی غائب ہونا کون سی سروس ہے؟ شہر بھر میں مظاہرے ہورہے ہیں، لوگ تنگ آکر امن و امان کی صورتحال پیدا نہ کر دیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی (ڈی ایچ اے) سمیت پورے کراچی کو آفت زدہ علاقہ قرار دے دیا اور محکمہ آبپاشی اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کو ڈیفنس میں پانی کی نکاسی کے لیے مدد فراہم کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کے دورہ کیا اور انتظامیہ کو سڑکوں پر کھڑے پانی کی نکاسی کی ہدایت دی۔
وہ کے الیکڑک کے ہیڈ آفس پہنچے اور کے الیکڑک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) مونس علوی سے ملاقات کی۔
وزیراعلی کو بتایا گیا کہ ڈیفنس کے 25 سے 30 سب اسٹیشنز میں پانی چلا گیا ہے، اگر سندھ حکومت پانی کی نکاسی میں مدد کرے تو جلد بجلی بحال کردیں گے۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ نے نکاسی آب کے لیے بلدیہ عظمیٰ حکام کو کے الیکڑک کی مدد کی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ڈیفنس کے علاوہ کھارادر ، میٹھا در، لیاری، گزری، سرجانی، گلستان جوہر میں بھی بجلی فوری بحال کریں۔
وزیر اعلیٰ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے دفتر بھی گئے جہاں متعلقہ حکام نے بتایا کہ ڈی ایچ اے میں گھروں سے نکاسی آب کر دی گئی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ محکمہ آبپاشی کے ماہرین سمیت واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈ کی مدد کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے فوری طور پر ٹرک ماؤنٹڈ ہیوی سکشن مشین سی بی سی کو فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی۔
وزیر اعلیٰ نے یوم عاشور کے جلوسوں کی گزرگاہ کا بھی دورہ کیا اور انتظامیہ کو روٹ سے نکاسی آب اور آئی آئی چندریگر روڈ سے بھی بارش کا پانی فوری نکالنے کی ہدایت دی۔