پختونخوا کے بڑے اسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت ہونیوالی اوپن ہارٹ سرجری بند

ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے آلات مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے نجی اسپتالوں میں دل کے آپریشن بند کر دیے ہیں: چیئرمین ایسوسی ایشن آف کارڈیو سرجن۔ فوٹو فائل
ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے آلات مہنگے ہو گئے ہیں اس لیے نجی اسپتالوں میں دل کے آپریشن بند کر دیے ہیں: چیئرمین ایسوسی ایشن آف کارڈیو سرجن۔ فوٹو فائل

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے تمام بڑے نجی اسپتالوں میں صحت سہولت پروگرام کے تحت ہونے والی اوپن ہارٹ سرجری بند کر دی گئی۔

صوبے کے تمام بڑے نجی اسپتالوں میں صحت کارڈ کے ذریعے دل کے آپریشنز بند ہونے کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔

ایسوسی ایشن آف کارڈیو سرجن کے چیئرمین ڈاکٹراعظم جان کا کہنا ہے کہ نجی اسپتالوں میں دل کے آپریشن بند کر دیے ہیں کیونکہ ڈالر مہنگا ہونے کی وجہ سے دل کی سرجری کے آلات مہنگے ہو گئے ہیں۔

ڈاکٹر اعظم جان کا کہنا ہے کہ اوپن ہارٹ سرجری پر 5 سے 6 لاکھ روپے کا خرچ آتا ہے جبکہ دل کے آپریشن کے لیے صحت کارڈ میں 2 لاکھ 80 ہزار روپے مختص ہیں، صحت کارڈ میں امراض قلب کے علاج کے لیے مختص رقم بڑھائی جائے۔

دوسری جانب ڈائریکٹر صحت سہولت پروگرام ڈاکٹر محمد ریاض تنولی کا کہنا ہے کہ اسپتالوں میں امراض قلب کے آپریشن ہورہے ہیں، ڈاکٹرز کی فیسوں کا مسئلہ ہے جسے جلد حل کر لیا جائے گا۔

مزید خبریں :