Time 04 اگست ، 2022
انٹرٹینمنٹ

اداکارہ صوفیہ نے شوہر کے گھر ڈاکا مارنے اور قاتلانہ حملہ کرنے کا اعتراف کر لیا

جب اپنا منصوبہ ناکام ہوتا نظر آیا تو سابق شوہر کو قتل کرنے کا سوچا اور دبئی اپارٹمنٹ میں گھریلو مسائل کا بہانہ بناتے ہوئے چاقو سے وار کیا: صوفیہ—فوٹو: فائل
جب اپنا منصوبہ ناکام ہوتا نظر آیا تو سابق شوہر کو قتل کرنے کا سوچا اور دبئی اپارٹمنٹ میں گھریلو مسائل کا بہانہ بناتے ہوئے چاقو سے وار کیا: صوفیہ—فوٹو: فائل

پاکستانی اداکارہ و ماڈل صوفیہ مرزا (خوش بخت مرزا) نے اپنے سابق شوہر کے خلاف سازش کرنے کا اعتراف کر لیا۔

صوفیہ مرزا نے قانونی کاغذات میں اعتراف جرم کیا کہ انہوں نے  اپنے سابق شوہر عمر فاروق ظہور کے دبئی اپارٹمنٹ سے تقریباً 5 لاکھ درہم، زیورات اور لاکھوں درہم مالیت کی گھڑیاں چوری کرنے کی سازش کی۔

اداکارہ نے اعتراف کیا کہ جب انہیں اپنا منصوبہ ناکام ہوتا نظر آیا تو انہوں نے  سابق شوہر کو قتل کرنے کا سوچا اور دبئی اپارٹمنٹ میں گھریلو مسائل کا بہانہ بناتے ہوئے چاقو سے ان پر وار کیا۔

صوفیہ مرزا نے تمام سازش کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے عمر فاروق کے گھر ڈکیتی کی سازش پاکستانی نژاد دوست اور گھریلو ملازمہ کی مدد سے کی تھی۔

قانونی کاغذات کے مطابق صوفیہ نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا 'میں نے دبئی میں اپنے شوہر کی رہائش گاہ ایمار ٹاور نمبر 2، اپارٹمنٹ 405 میں موجود ان کی الماری سے قیمتی اشیاء اور پیسے چوری کرنے کی سازش کی، اس سازش میں میری ملازمہ رضیہ اور  ایک قریبی دوست  نسرین شامل تھیں۔

صوفیہ مرزا نے کیا منصوبہ بنایا؟

اداکارہ کے ابتدائی منصوبے کے مطابق انہیں 25 جولائی 2006 کو عمر ظہور کے لاکر سے نقدی اور زیورات چوری کرکے ملازمہ کے حوالے کرنا تھا۔

صوفیہ نے ملازمہ کو کہا  تھا کہ سامان ایک بیگ میں لے جائے اور خاموشی سے گیراج سے ہوتی ہوئی نکل جائے تاکہ کسی کو شک نہ ہو،گھر کے باہر اداکارہ کی دوست نسرین سفید رنگ کی گاڑی میں ایک اور شخص کے ساتھ اس کا انتظار کر رہی ہوتی۔

اداکارہ کا ارادہ تھا کہ وہ بھی تمام سامان کے ساتھ بھاگ جائے لیکن بعد ازاں انہیں احساس ہوا کہ سب کا شک اسی پر جائے گا لہٰذا انہیں منصوبہ تبدیل کرنا پڑا۔

صوفیہ نے ڈکیتی کی واردات کا پلان بنایا کہ پاکستان سے ایک گینگ آئے گا اور شوہر کے فلیٹ میں ڈکیتی کرکے واپس پاکستان چلا جائے گا۔

صوفیہ کے مطابق منصوبہ یہ تھا کہ ہم گینگ کو پاکستان سے بلائیں گے اور  گھر بھیجیں گے، وہ میری چابیاں استعمال کرتے ہوئے گھر میں داخل ہوکر  اس وقت سیف سے سب کچھ چوری کریں گے جب میں اور میرے شوہر دونوں باہر ہوں گے۔

صوفیہ مرزا کے سابق شوہر کو اس منصوبہ بندی کا کیسے علم ہوا؟

صوفیہ نے قانونی کاغذات میں انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ڈکیتی کے منصوبے پر ڈاکٹر اسد سے بات کی جو اس وقت ابوظبی کے ایک معروف اسپتال میں کام کر رہے تھے۔

ڈاکٹر اسد نے فوری طور پر عمر فاروق ظہور کو ڈکیتی اور حملے کے منصوبے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ اگر اس نے اپنے فلیٹ میں ڈکیتی کی مزاحمت کی تو حملہ آور اسے بھی قتل کر سکتے ہیں۔

صوفیہ نے اعتراف کیا کہ بدقسمتی سے، منصوبے کا بھانڈا  میرے شوہر کے سامنے ڈاکٹر اسد نے پھوڑا، میرا ارادہ مال لینے اور اپنے شوہر کو سبق سکھانے کا تھا کیونکہ انہوں نے میرے مانگنے پر مجھے پیسے نہیں دیے تھے۔

شوہر پر قاتلانہ حملہ

صوفیہ مرزا نے تصدیق کی کہ میں نے سابق شوہر کے سامنے حقیقت آنے پر ان پر  چاقو سے حملہ کیا۔

اداکارہ نے عمر فاروق ظہور پر 12 انچ کے چاقو سے حملہ کیا، انہوں نے عمر فاروق کے دل میں چاقو گھونپنے کی کوشش کی لیکن عمر نے اس کوشش کو ناکام بناتے ہوئے چاقو پکڑ لیا جس کی وجہ سے  ان کا انگوٹھا اور ایک انگلی کٹ گئی۔

مزید خبریں :