جنگلی جانور شیر سے زیادہ کس مخلوق سے ڈرتے ہیں؟ تحقیق میں انکشاف

ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو
ایک تحقیق میں اس بارے میں بتایا گیا / رائٹرز فوٹو

شیر کو خشکی کا سب سے بڑا شکاری جانور تسلیم کیا جاتا ہے جس کو دیکھ کر ہی جاندار دہشت زدہ ہو جاتے ہیں۔

مگر جنگل کے بادشاہ سے زیادہ جانور جسے دیکھ کر خوفزدہ ہوتے ہیں، وہ کوئی اور نہیں بلکہ ہم انسان ہیں۔

یہ دلچسپ دعویٰ کینیڈا میں ہونے والی ایک تحقیق میں سامنے آیا۔

ویسٹرن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ ہاتھی، گینڈے، لگڑبھگے اور زرافے جیسے جانور سب سے زیادہ انسانوں سے زیادہ ڈرتے ہیں۔

محققین کا تو کہنا تھا کہ نتائج سے اس خیال کو تقویت ملتی ہے کہ انسان دنیا کے سب سے بڑے شکاری ہیں۔

جنوبی افریقا کے گریٹر کروگر نیشنل پارک میں اس تحقیق کے دوران مختلف تجربات کیے گئے۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ شیروں کے مقابلے میں انسانی آوازیں سن کر جنگلی جانوردوگنا تیزی سے بھاگتے ہیں، واضح رہے کہ اس نیشنل پارک میں شیروں کی تعداد کافی زیادہ ہے۔

محققین نے جب پانی کے ذخیروں کے قریب انسانی آوازوں کے ریکارڈ چلائے تو تیندوے، زیبرا، ہاتھی، ہرن اور دیگر جانور گھبرا کر تیزی سے وہاں سے بھاگ گئے۔

محققین کے مطابق یہ واضح ہے کہ شیروں کے مقابلے میں جانور انسانوں سے زیادہ ڈرتے ہیں۔

تحقیق کے دوران مردوں اور خواتین کی مقامی زبانوں میں نرمی سے بات چیت کی آوازیں جانوروں کو سنائی گئی تھیں اور ان کے ردعمل نے محققین کو دنگ کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ شیر اس نیشنل پارک کے سب سے دہشت زدہ کردینے والے شکاری ہیں مگر جانوروں میں انسانوں کا خوف سب سے زیادہ ہوتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نتائج حیرت زدہ کردینے کے ساتھ ساتھ مایوس کن بھی ہیں۔

تحقیق سے عندیہ ملتا ہے کہ نیشنل پارکس میں سیاحت سے جنگلی حیات پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، چاہے انسان وہاں کچھ نہ بھی کریں مگر ان کی آواز بھی جانوروں کو متاثر کرتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل کرنٹ بائیولوجی میں شائع ہوئے۔