Time 01 اگست ، 2024
کھیل

12 ویں بلند ترین چوٹی سر کرنیوالے پہلے امریکی پاکستانی کوہ پیما نئی چوٹی سر کرنے کیلئے پُر عزم

12 ویں بلند ترین چوٹی سر کرنیوالے پہلے امریکی پاکستانی کوہ پیما نئی چوٹی سر کرنے کیلئے پُر عزم
عامر بٹ پہلے امریکی پاکستانی ہیں جنہوں نے 8051 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند چوٹی براڈ پیک کو سر کیا ہے/فوٹوفائل

12 ویں بلند ترین چوٹی سر کرنے والے پہلے امریکی پاکستانی کوہ پیما عامر بٹ ایک اور چوٹی سر کرنے کے لیے پُر عزم ہیں۔

عامر بٹ پہلے امریکی پاکستانی ہیں جنہوں نے 8051 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند چوٹی براڈ پیک کو سر کیا ہے ۔

براڈ پیک سر کرنے کے بعد لاہور میں امریکا روانگی سے قبل جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر بٹ نے کہا کہ میں 32 برس سے امریکا میں مقیم ہوں، 2دہائیوں سے نارتھ امریکا میں کوہ پیمائی کر رہا ہوں لیکن یہ اتنی بڑی چوٹیاں نہیں ہیں، پھر اپنے شوق کے لیے میں نیپال آیا اور میرے  ذہن میں آیا کہ پاکستان میں جو5 بڑی چوٹیاں ہیں میں انہیں سر کروں اور اسی عزم کے ساتھ پاکستان آیا اور میں نے براڈ پیک سر کی اور اس سلسلے میں براڈ پیک بوائے شہروز کاشف نے میری مدد کی ۔

 58 سالہ عامر بٹ کا کہنا ہے کہ بڑھتی عمر میں کہا جاتا ہے کہ ایسے ایڈونچر میں حصہ نہیں لینا چاہیے ، اسٹیمنا کم ہو جاتا ہے لیکن اس عمر میں براڈ پیک سر کرنے کے بعد میرے اعتماد میں مزید اضافہ ہوا ہے ، اب آئندہ ایک اور 8 ہزار میٹر سے بلند چوٹی سرکروں گا،  کہنے کو تو براڈ پیک اتنی مشکل چوٹی نہیں ہے لیکن یقین کریں کہ جب آپ یہ چوٹی سر کرتے ہیں تو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

عامر بٹ نے بتایا کہ میں ہمیشہ کسی نہ کسی ایونٹ میں حصہ لیتارہا ہوں،  دنیا کی 6 بڑی میراتھن جو یورپ اور امریکامیں ہوتی ہیں ان میں سے 4 میں میں متعدد بار حصہ لے چکا ہوں، میں مجموعی طور پر 33 میراتھن میں پاکستان کی نمائندگی کر چکا ہوں، اس کےعلاوہ آئرن مین کے مقابلوں میں شریک ہو چکا ہوں جس میں آپ کو سوئمنگ، سائیکلنگ اور رننگ کرنا پڑتی ہے ۔

مزید خبریں :