19 فروری ، 2025
سابق کرکٹر سکندر بخت کا کہنا ہے کہ ایسا لگ رہاتھا کہ بابر آج اپنے لیے کھیل رہے تھے۔
جیوز نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں چیمپئنز ٹرافی کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پاکستانی ٹیم کی شکست پر ماہرین کرکٹ نے گفتگو کی۔
سکندر بخت نے کہا کہ گراؤنڈ میں لوگ پوچھ رہے تھے کہ بابر نے کس قسم کی بیٹنگ کی، بابر اعظم نے ردھم کیوں نہیں بنایا، وہ سنگل رن ہی نہیں لے پا رہے تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ بابر اپنے لیے کھیل رہے تھے کہ کسی طرح وہ 50 رنز بنالیں۔
سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ہم مانتے ہیں کہ بابر بہت بڑے کھلاڑی ہیں اور ان کے بہت اچھے ریکارڈز ہیں لیکن آپ کو ٹیم کے لیے کھیلنا پڑتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا جنوبی ایشیا میں کھیلنے کے لیے 2 اسپنرز درکار ہوتے ہیں، دنیا کی ساری ٹیمیں دو، دو، تین، تین اسپنرز لے کر آئی ہیں اور ہمارے پاس کوئی اسپنر نہیں ہے، جب اسپنر نہیں ہوتا تو ٹیم دباؤ برقرار نہیں رکھ سکتی۔
سکندر بخت کا کہنا تھا کہ ہمارے فاسٹ بولرز نے آخری 10 اوورز میں 113 رنز دیے، ان کی بولنگ کے حوالے سے بھی سوال ہونا چاہیے۔
سکندر بخت نے مزید کہا کہ ٹیم اس وقت بہت زیادہ بیک فٹ پر ہے اگر قومی ٹیم بھارت کے خلاف میچ نہ جیت سکی کو چیمپئنز ٹرافی ایک ڈزاسٹر ہوگی۔
سابق کپتان راشد لطیف نے آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 22 اوورز میں پاکستانی ٹیم کی 91 ڈاٹ بالز تھیں، جب آپ ڈاٹ بالز کھیلیں گے تو جیت نصیب نہیں ہوگی۔
خیال رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے افتتاحی میچ میں نیوزی لینڈ نے میزبان پاکستان کو 60 رنز سے شکست دے دی۔
کیویز کے 321 رنز کے ہدف کے جواب میں پاکستانی ٹیم 48 ویں اوور میں 260 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔