17 مارچ ، 2025
کراچی میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے انٹیلیجنس وِنگ نے صدر میں کارروائی کرکے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے اہم کارندے کو گرفتار کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم خلیل الرحمن کا تعلق نُور ولی اللہ گروپ سے ہے، ملزم نے ویڈیو بناکر افغانستان ارسال اورسوشل میڈیا پر وائرل کی تھی اور دھمکی دی تھی کہ ہم کراچی آگئے ہیں۔
حکام نے بتایاکہ ملزم افغانستان میں دہشت گردی کی ٹریننگ بھی حاصل کر چکا ہے، ملزم کو انٹیلی جنس، ٹیکنیکل بنیادوں اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی مددسے گرفتار کیا گیا جبکہ ملزم ڈیفنس میں الخوارج کی چاکنگ کرنے میں بھی ملوث ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملزم نے گزشتہ سال دسمبر 2024 میں خوارج کمانڈر مصباح کے حکم پر قائد اعظم کے مزار اور کراچی کے مختلف علاقوں کی ویڈیوز بنائی تھیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق ملزم افغانستان سے ٹریننگ لے کر کراچی آیا اور مختلف ہوٹلوں پر کام کرتا رہا۔
حکام کا کہنا تھاکہ ملزم نے ایک پرائیوٹ سکیورٹی کمپنی میں ملازمت اختیار کرلی اور ڈیفنس میں ایک بنگلے پر ڈیوٹی کرتا تھا اور رات میں کالعدم ٹی ٹی پی کے حوالے سے دیواروں پر وال چاکنگ کرتا تھا۔