سندھ اور خیبر پختونخوا میں پولیو کے مزید 4 کیس سامنے آگئے

3 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں 2019 میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد27ہوگئی ہے،فوٹو:فائل

سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران پولیو کے تین مزید کیسز سامنے آگئے ، ترجمان ایمرجنسی  آپریشن سیل کے مطابق 2 کیسز 2019 ءاور ایک 2020ء  کا ہے۔

ترجمان ایمرجنسی آپریشن سیل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سندھ کے 3 اضلاع سے پولیو کے 3 کیسز سامنے آئے ہیں۔

متاثرہ بچوں کا تعلق سجاول، قمبر اور دادو سے ہے،جن میں سے 2 بچوں کے 2019 جب کہ ایک کا رواں ماہ ٹیسٹ کیا گیا جن میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔

3 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ میں 2019 میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد27ہوگئی ہے جب کہ  2020 میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

والدین کا کہنا ہے کہ  بچوں کو 7،7 بار انسداد پولیو کے قطرے پلائے جاچکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں بھی پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا

خیبر پختونخوا (کے پی کے) میں بھی پولیو کا ایک اور کیس سامنے آگیا ہے جس کے بعد رواں سال صوبے بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت حکام کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع لکی مروت میں 8 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے ۔

حکام کے مطابق بچے کو حفاظتی ٹیکے نہیں لگوائے گئے تھے، صوبے بھر میں رواں سال پولیو کیسز کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔

 صوبے کے 15 اضلاع میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم 27 جنوری سے شروع ہورہی ہے۔

مزید خبریں :