12 مئی ، 2018
کراچی: جامعہ کراچی کے شعبہ اپلائیڈ کیمسٹری کے چیئرمین اور ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئے۔
جامعہ کراچی کی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی نے جیو نیوز کو بتایا کہ ڈاکٹر ریاض احمد ساڑھے 9 بجے کے بعد کراچی یونیورسٹی سے پاکستان ایمپلائیز کو آپریٹیو ہاوسنگ سوسائٹی (پی ای سی ایچ ایس) میں واقع اپنے گھر جانے کیلئے روانہ ہوئے مگر گھر نہیں پہنچے۔
اہل خانہ کے مطابق ڈاکٹر ریاض نے گزشتہ رات 8 بجے اپنی اہلیہ سے فون پر رابطہ کیا تھا۔
کراچی یونیورسٹی کی ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر جمیل کاظمی کا کہنا ہے کہ ان کی رات 9 بجکر 35 منٹ پر آخری بار ڈاکٹر ریاض سے بات ہوئی، اس وقت وہ یونیورسٹی میں تھے لیکن اس کے بعد سے ان کا موبائل فون بھی بند ہے۔
یونیورسٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ سال بھی ایک ادارے نے ڈاکٹر ریاض احمد کو حراست میں لیا تھا تاہم کئی دن بعد انہیں اچانک رہا کردیا گیا تھا۔
خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹی حکام نے مبینہ ٹاؤن تھانے میں ان کی گمشدگی کی اطلاع کردی گئی ہے اور اس سلسلے میں متعلقہ داروں سے بھی رابطہ کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر ریاض احمد جامعہ کراچی کی انجمن اساتذہ کے سابق سیکریٹری بھی رہے ہیں جن کی گمشدگی پر انجمن اساتذہ نے احتجاج کا اعلان کیا ہے اور اس سلسلے میں انجمن اساتذہ نے ہنگامی اجلاس بھی منعقد کیا ہے۔