09 جنوری ، 2021
پاکستان میں کورونا ویکسین کی درآمد جنوری کے آخری ہفتے سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے جنوری کے آخری ہفتے سے کورونا ویکسین کی پاکستان درآمد شروع ہونے کی توقع ہے اور اس حوالے سے اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں پاکستان کا پہلا کووڈ ویکسین سینٹر بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں ویکسین کو محفوظ رکھنے کے لیے خصوصی چلرز نصب کیے گئے ہیں۔
ضلعی ہیلتھ آفیسر اسلام آباد زعیم ضیاء کا کہنا ہے کہ کووڈ ویکسین سینٹر میں ویکسینیشن کی مشق بھی کی گئی، یہاں وزارت صحت کے زیر انتظام سرکاری اسپتالوں کے عملے کو ویکسین لگانے کی تربیت بھی دی جائے گی۔
وزارت صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ این سی او سی، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور نادرا کے اشتراک سے ہیلپ لائن 1166 قائم کی گئی ہے، شہریوں کو ویکسین لگوانے کے لیے اس ہیلپ لائن پر رجسٹریشن کرانا ہو گی۔