Time 25 ستمبر ، 2024
کھیل

کار حادثے میں شدید زخمی ہونیوالے کرکٹر نے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا

کار حادثے میں شدید زخمی ہونیوالے کرکٹر نے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا
2015 میں حادثے کا شکار ہونے والے کرکٹر کی گاڑی—فوٹو: سوشل میڈیا 

کسی بھی کھلاڑی کیلئے سب سے اہم اس کی فٹنس ہوتی ہے اور اگر وہ اپنے کیریئر میں کسی خطرناک حادثے کا شکار ہوجائے تو دوبارہ اپنے کھیل کو جاری رکھنا اور پھر سے شاندار کارکردگی دکھانا کافی مشکل ہوتا ہے۔

آج ہم آپ کو ایک ایسے ہی کرکٹر کے بارے میں بتارہے ہیں جو ایک خطرناک کار حادثے میں شدید زخمی ہوا لیکن اس نے ہمت نہیں ہاری اور میدان میں واپسی کی اور اب ایک ورلڈ ریکارڈ بھی بنا دیا ہے۔

اگر آپ کے ذہن میں بھارتی کرکٹر رشبھ پنت کا نام آرہا ہے تو آپ غلط ہیں، پنت بھی خطرناک کار حادثے میں زخمی ہوئے تھے اور کچھ عرصہ کرکٹ سے دور ہونے کے بعد دوبارہ فیلڈ پر اترے  اور اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی دکھا رہے ہیں ۔

لیکن ہم جس کرکٹر کی بات کررہے ہیں ان کا تعلق  ویسٹ انڈیز سے ہے۔ 

جی ہاں! ویسٹ انڈیز کے کرکٹر نکولس پورن جو 2015 میں ایک خظرناک کار حادثے میں زخمی ہوئے تھے، انہوں نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں چھکوں کا نیا ریکارڈ بنا دیا ہے۔

کار حادثے میں شدید زخمی ہونیوالے کرکٹر نے سب سے زیادہ چھکے مارنے کا نیا ریکارڈ بنا دیا
نکولس پورن 2015  میں زخمی ہونے کے بعد اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور اب سی پی ایل میں ریکارڈ بناتے ہوئے—فوٹو: سوشل میڈیا

 نکولس پورن ایک کلینڈر ائیر میں ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں 150چھکے مارنے والے دنیا کے پہلے کرکٹر بن گئے ہیں۔انہوں نے یہ کارنامہ منگل کو کیریبیئن پریمیئر لیگ  کے میچ میں سر انجام دیا۔

نکولس پورن نے 2024 میں اب تک 63 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 151 چھکے مارے ہیں جو دنیا میں کسی بھی بیٹر کے ایک سال میں اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ چھکے ہیں۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے سابق کرکٹر کرس گیل نے 2015 میں 36 ٹی ٹوئنٹی اننگز میں 135 چھکے مارے تھے۔ 

واضح رہے کہ 2015 میں نکولس پورن ٹریننگ سے واپسی پر کار حادثے میں زخمی ہوئے تھے جس کی وجہ سے ان کی ٹانگوں پر چوٹ آئی تھی اور وہ کئی ماہ تک کرکٹ سے دور رہے تھے اور اس وقت ان کی عمر صرف 19 سال تھی۔ 

مزید خبریں :