Time 25 ستمبر ، 2024
کھیل

بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کو کتنا معاوضہ دیتا ہے؟ اثاثوں کی مالیت بھی سامنے آگئی

بھارتی کرکٹ بورڈ جے شاہ کو کتنا معاوضہ دیتا ہے؟ اثاثوں کی مالیت بھی سامنے آگئی
حال ہی میں بھارتی میڈیا پر جے شاہ کے مجموعی اثاثوں اور معاوضوں کے حوالے سے ایک رپورٹ شیئر کی گئی/فوٹوفائل

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی ) کے موجودہ سیکرٹری جے شاہ کو حال ہی میں آئی سی سی کرکٹ کونسل کا نیا چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 36 سالہ جے شاہ نے دنیائے کرکٹ کی کم عمر ترین شخصیت کے طور پر اپنی پہچان بنائی ہے جس کے بعد اب جے شاہ رواں برس  یکم دسمبر سے بطور  آئی سی سی چیئرمین  اپنا عہدہ سنبھالیں گے۔

اس پہچان نے جے شاہ کے مجموعی اثاثوں کی مالیت میں بھی اضافہ کیا ہے۔

حال ہی میں بھارتی میڈیا پر جے شاہ کے مجموعی اثاثوں اور معاوضوں کے حوالے سے ایک رپورٹ شیئر کی گئی ہے جس کے مطابق جے شاہ کے مجموعی اثاثوں کی مالیت 124کروڑ بھارتی روپے بتائی جا رہی ہے۔

بھارتی کرکٹ بور ڈ کے علاوہ جے شاہ کی آمدنی کے ذرائع

بھارتی میڈیا کے مطابق جے شاہ کے مجموعی اثاثوں میں کرکٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کے علاوہ بطور ڈائریکٹر ٹیمپل انٹرپرائز ( بھارتی کمپنی) سے حاصل ہونے والی آمدنی شامل ہے۔

قابل غور بات یہ ہے کہ بی سی سی آئی  اپنے عہدیداروں کو  ماہانہ تنخواہ نہیں دیتی بلکہ ان عہدیداروں کو یومیہ الاؤنس دیے جاتے ہیں، بی سی سی آئی عہدیداروں کو بیرون ملک ٹورز کے دوران 40 ہزار  بھارتی روپے سے 80 ہزار  بھارتی روپے تک یومیہ معاوضہ دیا جاتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی جے شاہ کو  انٹرنیشنل ٹورز کے دوران ایک دن کا معاوضہ 84ہزار بھارتی روپے ادا کیا جاتا ہے ، جے شاہ پروفیشنلز ٹور کیلئے بزنس کلاس میں سفر کرتے ہیں۔

دوسری جانب جے شاہ کے بھارت اندرونی شہروں میں کیے جانے والے ٹرپ کا یومیہ معاوضہ 30ہزار بھارتی روپے ہے، اس معاوضے میں جے شاہ کی formal meeting شامل نہیں ہیں۔

بی سی سی آئی جے شاہ کے ملکی اور بین الاقوامی دوروں کے رہائش کا خرچہ خود اٹھاتا ہے، ان ٹورز کے دوران جے شاہ کو قیام کے لیے لگژری ہوٹل کے کمرے بھی دیے جاتے ہیں۔

مزید خبریں :