09 اپریل ، 2025
گردہ جسم کا ایک ایسا اہم عضو ہے جس کی وجہ سے ہمارے جسم میں صاف خون گردش کرتا رہتا ہے۔
اس کے علاوہ جسم میں موجود مائع فضلہ اور اضافی پانی گردے کے ذریعے فلٹر ہو کر پیشاب کے راستے جسم سے خارج ہو جاتا ہے تاہم ہماری مصروف زندگی کی وجہ سے گردے متاثر ہورہے ہیں۔
اب سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ یہ گردے کیسے متاثر ہوتے ہیں، مناسب اور صاف پانی کی کمی، تیز مرچ مصالحے والے کھانے اور سوڈا ڈرنکس کی وجہ سے ہم اپنے گردوں کی صحت کو خراب کررہے ہیں، یہ ہی وجہ ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ گردوں کی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
آج ہم آپ کو چند ایسی غذائیں بتاتے ہیں جن کے استعمال سے آپ اپنے گردوں کو صحت مند رکھ سکتے ہیں۔
سیب
سیب کے حوالے سے یہ کہاوت تو سنی ہی ہوگی کہ دن میں ایک سیب کا استعمال آپ کو ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے۔
سیب فائبر سے بھرپور ہوتا ہے اس میں سوزش سے لڑنے کی صلاحیت ہوتی ہے جس کی وجہ سے گردے صحت مند رہ سکتے ہیں۔
زیتون کا تیل
زیتون جنت کا پھل ہے جس میں شفا رکھی گئی ہے، زیتون کے تیل کا استعمال آپ کو ناصرف گردے بلکہ دل کی بیماریوں سے بھی بچاسکتا ہے۔
پھول گوبی
پھول گوبی کا شمار سبزی میں کیا جاتا ہے جس میں قدرت نے فائبر کی بھاری مقدار رکھی ہے، اس کے علاوہ اس میں وٹامن سی بھی پایا جاتا ہے۔
بلیو بیری
بلیو بیری ایک پھل ہے جو ذائقے میں مزیدار ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کے گردوں سمیت جلد کیلئے بھی فائدے مند ثابت ہوتا ہے۔
اس پھل میں اینٹی آکسیڈینٹ پایا جاتا ہے جو گردوں کو فری ریڈیکلز سے بچاتا ہے۔